کراچی سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی فیصل واؤڈا نے اپنی نشست خالی کردی جس کے بعد حلقہ این اے 249 پر الیکشن 29اپریل کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ حلقہ این اے 249 پر ضمنی انتخاب 29 اپریل کو منعقد ہوگا۔ فیصل واؤڈا 2018ء میں شہرِ قائد سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے جنہوں نے سینیٹر بننے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ قومی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی 13 سے 17 مارچ تک جمع کروا سکتے ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 25 مارچ تک مکمل کر لی جائے گی۔
ایپلٹ ٹریبونل میں 29 مارچ تک ریٹرننگ آفیسر (آر او) کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 6اپریل کو شائع ہوگی۔ دستبردار ہونے کے خواہش مند امیدوار 7اپریل تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔
ای سی پی (الیکشن کمیشن) اعلامیے کے مطابق 8 اپریل کے روز ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے جبکہ الیکشن کا انعقاد 29 اپریل کے روز عمل میں لایا جائے گا۔
سینیٹ انتخابات 7 روز قبل 3 مارچ کے روز منعقد ہوئے جن میں سابق وزیرِ آبی امور فیصل واؤڈا نے کامیابی حاصل کی۔ فیصل واؤڈا کی نااہلی کیلئے دی گئی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت کو رکنِ اسمبلی کے وکیل نے آگاہ کیا کہ فیصل واؤڈا نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے وفاقی وزیرِ آبی امور فیصل واؤڈا کی سینیٹ الیکشن میں نامزدگی کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے گزشتہ ماہ 23 فروری کو پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیرِ آبی امور فیصل واؤڈا کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری دینے والے ریٹرنگ افسر کے خلاف قادر مندوخیل کی اپیل کی سماعت کی۔
مزید پڑھیں: الیکشن ٹریبونل نے فیصل واؤڈا کو سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا