وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسلام آباد کے علاوہ پشاور، مردان، چترال، سوات، مینگورہ، صوابی، یارحسین، یعقوبی، سوڈھیر اور تحصیل رزڑ کے اکثر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئےجس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیااور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے باعث اب تک کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 180 کلومیٹر تھی جبکہ مرکز افغانستان کا کوہ ہندوکش ریجن تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آزاد کشمیر اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں زلزلے نے بڑی تباہی مچائی تھی جس سے 37 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔