اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو عمران خان نے جس طرح اٹھایا آج تک کسی نے نہیں اٹھایا ہے،عمران خان نے سلامتی کونسل کی جنرل اسمبلی میں مودی کا اصل چہرہ دکھایا ہے۔
ظہور الٰہی شہید کی برسی کے موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کے لیے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، چوہدری شجاعت کے لیے تو ان کے مخالفین نے بھی دعائیں کیں،نفرت پیدا کرنے والوں کو پہچانیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم خدمت کر رہے تھے کچھ لوگ غریبوں بیواؤں کی زمینوں پر قبضے کر رہے تھے،میں اپنی تیسری نسل کو کہنا چاہتا ہوں کہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں،نئی نسل آری لےکر جڑیں کاٹنے والوں کو پہچانیں،میں اب کسی کو چھوڑوں گا نہیں اور اپنی غلطیوں کا ازالہ بھی کروں گا۔
چوہدری پرویز الہیٰ کامزید کہنا تھا کہ کشمیر میں مودی اور آر ایس ایس کے ظلم کو دیکھنا ہو گا،ہمارے لیے پہلے پاکستان اور بعد میں سیاست ہے،عمران خان اور اتحادی حکومت پر عوام کو مکمل اعتماد ہے،سابق حکمرانوں کی خرابیوں کو آہستہ آہستہ ٹھیک کیا جا رہا ہے، پہلی مرتبہ کشمیر کے مسئلے کو عمران خان نے جس طرح اٹھایا آج تک کسی نے نہیں اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرے خاندان کے لوگوں نے جو غلطیاں کیں وہ بھی اپنے آپ پر غور کریں، تکبر سے بھرا خاندان دیکھو کہاں پڑا ہے ان سے سبق سیکھو، ان کامزیدکہنا تھا کہ ہم نے کسی کو تنگ نہیں کرنا ہم نے اپنا کام کرنا ہے،تکبر کرنے والے اللہ کی پکڑ میں آ چکے ہیں،ہم نے کسی کو نیچا نہیں دکھانا بلکہ اپنا کام دکھانا ہے۔
چوہدری پرویز الہیٰ نےگجرات میں بہت جلد بچوں کا اسپتال بنانے کااعلان کیا انہوں نےکہا کہ گجرات کے میڈیکل کالج کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے الحاق کروائیں گےاور وزیر آباد کارڈیالوجی کو دو سو بیڈ تک لے کر جائیں گے ۔