کراچی کی صفائی کیلئے بھی فوج طلب

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حکم پر سول انتظامیہ کی مدد کیلئے کراچی میں صفائی کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کو کراچی بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاک فوج کی مدد سے پہلے نالوں سے نکالا گیا فضلہ لینڈ فل سائٹس تک پہنچایا جائیگا جبکہ دوسرے مرحلے میں بند نالوں کو کھولا جائے گا۔

کراچی کو پاکستان کا معاشی حب کہا جاتا ہے، ایک اندازے کے مطابق تقریباً ڈھائی کروڑ سے زائد آبادی کے اس میگا سٹی کے مسائل بھی بڑے ہیں، سندھ کا دارالخلافہ کراچی دنیا کا چھٹا بڑا شہر اور ملکی معیشت میں تقریباً 65 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے۔شہر قائد کے نام سے جانے والے اس شہر میں پاکستان کے ہر شہر اور علاقے کے لوگ آبادہیں اور شہر بے امان خود تمام مصائب جھیل کر اپنی چھاؤں میں آنیوالوں کو روزگار فراہم کرتا ہے ۔

کراچی گزشتہ کئی دہائیوں سے سیکورٹی رسک بنا رہا اور یہاں بدامنی کا ایک لامتناہی سلسلہ تھا جو گزشتہ چند سال میں سیکورٹی اداروں کی بے پناہ کاوشوں اور قربانیوں کے بعد ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن چکا ہے لیکن کراچی میں صفائی ستھرائی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کو ہر حکومت اجاگر تو کرتی ہے لیکن پھر بھی یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

سندھ میں گزشتہ 12 سال سے بلاشرکت غیرے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہےلیکن کراچی میں جابجا پھیلا کچرا اور ہر بار بارش کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال سندھ حکومت کی کارکردگی کی عکاس ہے۔

کراچی کے عوام کی نمائندہ جماعت ہونے کی دعویدار متحدہ قومی موومنٹ بھی گزشتہ کئی دہائیوں سے ہر حکومت کا حصہ رہی ہے اور کراچی کی نظامت بھی ایم کیوایم کے پاس ہونے کے باوجود شہر کے مسائل کسی صورت حل نہیں ہوئے۔ میئر کراچی تمام تر ذاتی مراعات اور مفادات حاصل کرنے کے باوجود شہرکی بہتری کیلئے کسی بھی کام سے معذور ہیں، ہر مسئلہ کیلئے میئر کراچی کے پاس ایک ہی جواب ہے کہ میرے پاس اختیارات نہیں ہیں۔

2018ء کے انتخابات میں کراچی کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا اور روایتی سیاسی جماعتوں کے بجائے پی ٹی آئی کو کراچی کی خدمت کا موقع دیا لیکن کراچی میں کچرے، انفرااسٹرکچر اور صفائی کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہوسکا جس کے بعد وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاک فوج کو کراچی کے دیرینہ مسئلہ کے حل کیلئے مدد کیلئے بلایا ہے۔

پاک فوج ہمارا قابل فخر ادارہ ہے جو کسی بھی قدرتی آفت یا مصیبت میں اپنے عوام کیلئے مدد کیلئے حاضر رہتا ہے لیکن کراچی سے ووٹ لینے والے اور کراچی کی نمائندگی کے دعوئے کرنیوالوں کو بھی اب کراچی کا سوچنا چاہیے اور اگر ہر ادارہ بساط بھر کوشش کرے تو کراچی کے مسائل ضرور حل ہوسکتے ہیں ۔

Related Posts