جمیعت علمائے اسلا م ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان کاکہنا ہے کہ حکومتی نااہلی نےملکی معیشت تباہ کردی ہے ،اسلام آبادلاک ڈاؤن میں 15لاکھ افرادشرکت کریں گے۔
اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں تاجر ٹیکسوں کی بھرمار اور پابندیوں کی وجہ سے پریشان ہیں، ملازمین کو تنخواہ دینے کےپیسے نہیں ملازمین سراپا احتجاج ہیں، پاکستان کی بڑی کمپنیوں نے ہزارہا ملازمین کو فارغ کردیا، ترقیاتی کام رک گئے فیکٹریاں بند ہوگئیں اور صحت کا محکمہ تباہ برباد کردیا گیا ہے۔
مولانافضل الرحمان کاکہناتھا کہ ہم پاکستان کی سیاست اور پارلیمان سےوابستہ ہیں ہم اسکے تقاضوں کو بھی جانتے ہیں،ہمارا تعلق سیاست سے ہے اور ہم سیاست کو انبیا ءکرام کی سنت سمجھتے ہیں،اس ملک میں جمہوری عمل کے فروغ کےلئے کوشاں ہیں اور ہمیں عوام کی مکمل تائید حاصل ہے۔
اس حوالےسے: اسلام آبادلاک ڈاؤن،مولانافضل الرحمان نے لائحہ عمل تیارکرلیا
انہوں نےکہا کہ ملک میں اس وقت ایک سیاسی جنگ اورکشمکش چل رہی ہے، جس میدان میں ہم اترے ہیں اس مقصد کے لیے شرط یہ ہے کہ دل سے خوف نکال دیں، دل میں خوف ہو تو تحریکیں نہیں چل سکتی ہیں، بلاخوف بلا تردد صاف ستھرے اور آزاد منش لوگ ہمارے ساتھ چلیں، اب ہم نے ملکی سلامتی کی جنگ لڑنی ہے اور ملک کو آزادی دلانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کے خاتمے کے لیے دھرنا،مولانافضل الرحمان متحرک
مولانافضل الرحمان کامزیدکہناتھا کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے چین کو ہم نے ناراض کردیا، کشمیر کو فروخت کردیا گیا، آرٹیکل 370 اور 35 اے پر ہم خواب خرگوش میں رہے، بھارت کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں، افغانستان اور ایران کے ساتھ حالت جنگ کی طرف جارہے ہیں۔
سربراہ جےیوآئی نےمزید کہا کہ حالات ایسے پیداہوگئے ہیں کہ کوئی سیاسی جماعت آزادی مارچ سے پیچھے نہیں ہٹے گی، مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں، آزادی مارچ میں سب جماعتیں آئیں گی اورآزادی مارچ میں 15لاکھ لوگ شرکت کریں گے۔