مردان:صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان میں غلط جگہ کچرا پھینکنے پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ محکمے نے فیصلہ کیا ہے کہ کچرا پھینکنے والے پر کم از کم 5000 روپے جرمانہ کیا جائے گا یعنی 5000 سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔
مردان کے محکمہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن (ڈبلیو ایس ایس سی ایم) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلے کے مطابق اگلے ہفتے سے اس فیصلے پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا اور جس شہری کو غلط جگہ کچرا پھینک کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا، اسے فوری حراست میں لے لیا جائے گا۔
جرم کے مرتکب شہری پر فوری طورپر جرمانہ عائد کیا جائے گا جس کی کم از کم حد 5000روپے رکھی گئی ہے۔ کچرا پھینکنے کے مقام اور کچرے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا کہ عائد کردہ جرمانہ کیا ہونا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایسی 10 عادات جو آپ کو کینسر جیسے موذی مرض سے نجات دِلا سکتی ہیں
ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے مردان کے شہری پرجوش ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں اصلاحات کا عمل خوش آئند ہے۔ جو لوگ قوانین کی خلاف ورزی کریں گے، ان پر جرمانہ عائد کیا جانا چاہئے۔ اس سے قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
بعض شہریوں نے ضلع مردان انتظامیہ کے فیصلے پر کچھ تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ عائد کردہ جرمانے کی ادائیگی بعض شہریوں کے لیے انتہائی مشکل ہوسکتی ہے، اس لیے جرمانہ عائد کرنے سے قبل جرم کے مرتکب افراد کی مالی حیثیت کا علم ہونا بھی ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: پستہ قد افراد میں ذیابیطس کی دوسری قسم کا خطرہ طویل قامت افراد سے زیادہ ہوتا ہے۔طبی تحقیق