شمالی کوریا کی جانب سےپیانگ یانگ صوبے میں مزید2نئے شارٹ رینج بلیسٹک میزائلوں کاتجربہ کیا گیاہےجنہیں دفاعی سسٹم میں شامل کیاجائےگا۔
شمالی کوریا کی جانب سےحالیہ تجربات اس اعلان کے فوری بعد کئے گئے کہ وہ ستمبر کے آخر میں امریکہ کے ساتھ تعطل کا شکار جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔میزائلوں کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے عسکری حکام کا کہنا ہے کہ یہ شارٹ رینج میزائلز کا تجربہ دارالحکومت پیانگ یانگ سے 80 کلومیٹر (50 میل) دور کاچن شہر میں کیا گیا ہے۔
شمالی کوریا کی جانب سے آئے دن میزائل تجربات کی اطلاعات آتی رہتی ہیں جن سے خطے میں تناؤ کی کیفیت طاری رہتی ہے۔ دو ہفتے قبل بھی شمالی کوریا نے مشرقی ساحل پر دو مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا تھا۔
امریکی صدر نےشمالی کوریا کےسربراہ کم جونگ سے اپنی ملاقاتوں میں اسی بات پر زور دیا تھا کہ وہ جوہری تجربات کا مکمل طور پر خاتمہ کریں بصورت دیگر مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے، دوسری جانب شمالی کوریا نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے بحالی کے حالیہ معاہدے کے باوجود ‘جارحانہ اقدامات پر تُلا ہوا ہے۔
جنوبی کوریا کے عسکری حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے پیشِ نظر شمالی کوریا کی جانب سےیہ میزائل تجربات کئے گئے ہیں کیونکہ یہ تاثر قائم کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں ممالک شمالی کوریا پر حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔