بلاول کی ریاست کو سنگین دھمکی! خالد مقبول صدیقی کا حکومت و عدلیہ سے بڑا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ ریمارکس دراصل پورے ملک کو دھمکی دینے کے مترادف ہیں جس کا عدالتوں سمیت متعلقہ اداروں کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے ذمہ دار بلاول بھٹو کے اس بیان کا سنجیدگی سے جائزہ لیں جس میں خونریزی کا ذکر کیا گیا۔

بلاول بھٹو پر لسانی و نسلی تعصب کا الزام لگاتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے استفسار کیا کہ اگر ملک بھر میں نئے صوبے تشکیل پانے ہیں تو بدامنی اور خونریزی کا خطرہ صرف کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص ہی میں کیوں پیدا کیا جا رہا ہے؟

انہوں نے سوال اٹھایا کہ سندھ کے شہری مراکز میں افراتفری پھیلانے والے عناصر کون ہیں اور کیا اس مقصد کے لیے عزیر بلوچ جیسے کرداروں کو استعمال کیا جانا ہے؟

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غیر فطری اور مصنوعی اکثریت کے سہارے اقتدار میں ہے جبکہ سندھ کی 65 فیصد آبادی نئے صوبوں کے قیام کے حق میں اپنا ذہن بنا چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کو کسی بھی صورت لسانی تقسیم یا کشیدگی کی طرف نہیں جانے دیا جائے گا۔

ایک اور اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایم کیو ایم سے رابطہ کر کے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 29 نومبر کی مجوزہ ریلی پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق ریلی کے نئے شیڈول کا اعلان باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

Related Posts