انڈر 19 ایشیا کپ کے ایک انتہائی سنسنی خیز اور دلاویز میچ میں قومی شاہینوں نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر میدان مار لیا ہے۔ پاکستان کی اس شاندار فتح کے ہیرو وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور بنے جنہوں نے مشکل ترین وقت میں ناقابلِ شکست سنچری اسکور کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
عمان میں کھیلے گئے اس ہائی ولٹیج میچ میں بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3 اوورز میں 208 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے 107 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مشکلات سے نکال کر فتح دلانے والی اننگز:
209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ٹیم صرف 61 رنز پر اپنے 5 اہم بلے باز گنوا کر شدید بحران کا شکار ہو چکی تھی۔ ایسے نازک اور دباؤ والے موڑ پر وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے ایک یادگار اننگز کھیلی۔ انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 گیندوں پر 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 100 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی۔
حمزہ ظہور نے حسنین عباس ڈار (38 رنز) کے ساتھ مل کر وکٹ پر قیمتی شراکت داری قائم کی اور دونوں کے درمیان 107 رنز کی اہم ترین اننگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
قومی جونیئر ٹیم نے مقررہ ہدف 48.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے روایتی حریف کے خلاف ایک سنسنی خیز اور تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








