کراچی میں شدید گرمی نے شہریوں کو بے حال کر دیا جبکہ سورج کی تپش کے باعث موسم گرم ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم شام میں سمندری ہواؤں کی آمد سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی آسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے موسم پر بلوچستان اور تھرپارکر کی جانب سے آنے والی ہوائیں اثرانداز ہو رہی ہیں جس کے باعث شہر میں گرم موسم برقرار ہے۔ دن کے ابتدائی حصے میں شمال مشرقی اور شمال مغربی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق شام کے وقت جنوب مغربی سمت سے سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے درجہ حرارت اور موسم کی کیفیت میں قدرے بہتری آنے کی توقع ہے۔
جمعہ اور ہفتے کو بھی موسم گرم رہنے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب کم رہنے کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا امکان نہیں ہے۔
شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت
شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا مناسب استعمال جاری رکھیں اور براہ راست دھوپ میں زیادہ دیر رہنے سے بچیں۔ خصوصاً بچوں، بزرگوں اور باہر کام کرنے والے افراد کو گرمی سے بچاؤ کے لیے خصوصی احتیاط کرنی چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








