خودکشی کیس! جھانسی کی عدالت کے اداکارہ راکھی ساونت کا گرفتار کرنے کے احکامات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف اتر پردیش کے شہر جھانسی کی عدالت نے 2010 میں پیش آنے والے خودکشی کے ایک واقعے سے متعلق مقدمے میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کردئیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اداکارہ کی مسلسل عدم حاضری پر یہ اقدام کیا اور پولیس کو انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مقدمہ راکھی ساونت کے ٹی وی پروگرام راکھی کا انصاف میں ایک شخص کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز اور نامناسب گفتگو سے متعلق ہے جس نے بعد ازاں خودکشی کرلی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے 16 اکتوبر کو راکھی ساونت کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ اداکارہ کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو کے مطابق مقدمے کی آئندہ سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ کیس جھانسی کے علاقے ہنساری، پریم نگر کے رہائشی لکشمن اہروار کی موت سے متعلق ہے جو 10 نومبر 2010 کو انتقال کرگئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد لکشمن اہروار کی والدہ ساوتری نے مقدمہ درج کروایا تھا۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ راکھی ساونت نے اکتوبر 2010 میں نشر ہونے والے اپنے ٹی وی پروگرام کے دوران ان کے بیٹے کے لیے توہین آمیز اور نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔

مدعیہ کے مطابق پروگرام میں کی گئی گفتگو کا ان کے بیٹے کی موت سے تعلق تھا تاہم اس معاملے میں عائد الزامات اور ان کی قانونی حیثیت کا تعین عدالتی کارروائی کے ذریعے ہونا ہے۔ مقدمے میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ کے اجرا کے بعد کیس ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے جبکہ آئندہ سماعت یکم دسمبر کو ہوگی۔

Related Posts