جانیں قربان کرنے والے جیالے تاریخ میں امر ہوگئے! صدر زرداری اور بلاول کا شہداء کارساز کو خراج تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سانحہ کارساز کے 19 سال مکمل ہونے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حکمرانی کی جدوجہد کا اہم باب قرار دیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں پاکستان کی قومی تاریخ کا روشن باب ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جان کو لاحق خطرات کے باوجود اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہیں۔ ان کی جرأت، استقامت اور قربانی جمہوریت، امن اور انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

صدرِ مملکت کے مطابق سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ ان قربانیوں سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کو بھی تقویت ملتی ہے۔

آصف علی زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کو ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے جدوجہد کا حوصلہ دیتی رہیں گی۔

18 اکتوبر ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 18 اکتوبر ملکی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے جسے قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر انہیں دہشت گردی کے ذریعے نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی تاہم اپنی قائد کے استقبال کے لیے آنے والے جیالوں نے جانوں کی قربانیاں دے کر وفاداری اور ثابت قدمی کی مثال قائم کی۔

ان کے مطابق سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔ شہداء کی یاد جمہوریت کے لیے جدوجہد، استقامت اور قربانی کے عہد کی تجدید کا موقع ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی اور عوام کی حکمرانی کا مشن ہے، جسے آگے بڑھانا ضروری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنی رہیں گی۔

پیپلز پارٹی کا شہداء کو خراجِ عقیدت، قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قرار

پاکستان پیپلز پارٹی کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

پیغام میں کہا گیا کہ 18 اکتوبر 2007ء کا سانحہ ملکی تاریخ کا ایسا باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ شہداء کی قربانیاں آج بھی جمہوریت، جدوجہد اور اپنی قائد سے وفاداری کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

سانحہ کارساز سیاسی تاریخ کا المناک باب ہے، انتھونی نوید

ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے سانحہ کارساز کو محض ایک دہشت گرد حملہ قرار دینے کے بجائے پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک ایسا المناک واقعہ قرار دیا جس نے جمہوری جدوجہد سے وابستہ کارکنوں سے ان کے پیارے چھین لیے۔

ان کے مطابق اس سانحے کی یاد ان خاندانوں کے دکھ اور قربانیوں کی یاد دہانی کرواتی ہے جنہوں نے جمہوری جدوجہد کے دوران اپنے عزیزوں کو کھویا۔

سانحہ کارساز کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، سعدیہ جاوید

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے بھی سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے اور اس روز پیش آنے والے واقعات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

سانحہ کارساز کی یاد کے موقع پر رہنماؤں کے پیغامات میں شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے، جمہوری اقدار کے تحفظ اور ایک پُرامن معاشرے کی تعمیر کے عزم کو نمایاں کیا گیا۔

Related Posts