خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے الوڑگی میں پیش آنے والے گیس لیکیج دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتیں بڑھ گئی ہیں۔ اسپتال میں زیرِ علاج مزید چار زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد اس دلخراش حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد سات ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت خاندان کا تعلق ایک ہی گھر سے تھا جن میں گھر کے سربراہ بغداد ان کی اہلیہ، بہوئیں اور چار نواسے شامل ہیں ایک ہی گھر سے سات جنازے اٹھنے پر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور فضا انتہائی سوگوار ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ تین روز قبل تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے الوڑگی میں پیش آیا تھا جہاں گھر میں گیس لیکیج کے باعث زوردار دھماکا ہوا تھا۔ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ شدید جھلس جانے والے دیگر افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
انتظامیہ اور اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دو مزید افراد کی حالت تاحال تشویش ناک بنی ہوئی ہے جو پشاور کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ علاقہ مکینوں اور لواحقین نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








