صوبائی دارالحکومت میں بچوں اور خواتین کے خلاف ہونے والے گھناؤنے جرائم کے خلاف پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے دو مختلف کارروائیوں میں ایسے دو اوباش ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جو جنسی استحصال اور زیادتی کی کوشش جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں خواتین اور کمسن بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تحت شاہدرہ ٹاؤن اور راوی روڈ کے علاقوں میں فوری مقدمات درج کر کے قانون شکن عناصر کو دبوچ لیا گیا۔
پہلا واقعہ: رشتہ دار لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام
پولیس نے شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے ملزم کو حراست میں لیا جس نے مبینہ طور پر اپنے ہی قریبی رشتے کی 25 سالہ لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ملزم رات کے وقت لڑکی کے کمرے میں زبردستی گھس گیا اور گھناؤنی حرکت کرنے لگا تاہم بروقت اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری ایکشن لیا اور ملزم کو موقع پر ہی دبوچ لیا۔
دوسرا واقعہ: 7 سالہ معصوم بچہ اوباش درندے کا شکار بن گیا
اسی علاقے میں ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک درندے نے سات سالہ معصوم بچے کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ملزم بچے کو بہلا پھسلا کر اور ورغلا کر ایک گودام کی چھت پر لے گیا جہاں اس نے اس کے ساتھ بدفعلی کی۔پولیس کو جیسے ہی اس ہولناک واقعے کی اطلاع ملی۔ اہلکاروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا سخت موقف
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم علی رضا کے خلاف ضابطے کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید گہرائی سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی ہے کہ بچوں پر تشدد، جنسی استحصال اور اس قبیل کے مکروہ جرائم میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








