پاکستانی فوج نے بھارتی میڈیا اور عسکری اداروں کا ایک اور جھوٹا دعویٰ سرعام فاش کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی پریس کانفرنس کے دوران اس شخص کو دنیا کے سامنے زندہ سلامت پیش کر دیا گیا جسے بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں حوالدار محمد آصف کو میڈیا کے سامنے لاتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج کی چنار کور نے یہ جھوٹا پروپیگنڈا کیا تھا کہ اس پاکستانی فوجی کو کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا اور اسکی لاش بھی مل گئی ہے۔ اس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے خود حوالدار آصف کو مائیک دیا تاکہ وہ اپنی زبانی اس من گھڑت دعوے کی حقیقت بیان کریں۔
حوالدار محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ضلع اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ کے رہائشی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں دوستوں کے ذریعے سوشل میڈیا پر خبر ملی کہ انڈین آرمی نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں مار دیا ہے جس پر انہیں شدید حیرت ہوئی کیونکہ وہ اپنے گھر میں زندہ و سلامت موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جھوٹی خبر کے بعد انہیں نامعلوم بھارتی نمبروں سے مسلسل کالز آنے لگیں اور سوالات کیے گئے۔ بھارت نے ان کا ذاتی ڈیٹا استعمال کرکے ایک فرضی عسکری کارروائی کا ڈھونگ رچایا۔
حوالدار آصف نے بتایا کہ انہوں نے اس تمام واقعے کی تفصیلات آئی ایس پی آر کو فراہم کر دی ہیں۔انہوں نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بتایا کہ وہ سن 2000 میں پاک فوج میں بھرتی ہوئے 2005 میں ایس ایس جی جوائن کی اور 18 سال شاندار خدمات انجام دینے کے بعد 2023 میں فوج سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








