کراچی میں ریڈ لائن منصوبے کا زیر تعمیر پل زمین بوس! سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب ریڈ لائن منصوبے کے ایک زیر تعمیر پل کا ڈھانچہ گرنے سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثہ بدھ کے روز پیش آیا، جب متاثرہ شخص منصوبے کی سائٹ پر سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دے رہا تھا۔ ڈھانچہ اچانک منہدم ہونے کے نتیجے میں گارڈ ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گیا۔

ترجمان کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر روانہ کردی گئی۔

حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبے کا تعمیراتی کام جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ منصوبے پر جاری کام کو مکمل کرنے اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ریڈ لائن منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں کئی رکاوٹوں کے باعث متاثر رہی ہیں۔ نومبر 2025 میں وزیراعلیٰ سندھ کی مداخلت کے بعد مختلف مسائل دور کیے جانے پر منصوبے کا رکا ہوا کام دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔

Related Posts