جاپان میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز سامنے آیا ہے جہاں پاکستان کے تجربہ کار اور نامور شوٹر جی ایم بشیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کیلئے کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ایم بشیر ایشین گیمز کے 25 میٹر رپیڈ فائر پسٹل کے مقابلوں میں ایکشن میں تھے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے روز وہ آٹھویں پوزیشن پر موجود تھے تاہم دوسرے روز انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اپنی پوزیشن بہتر کی اور چھٹی پوزیشن کے ساتھ فائنل یا میڈل راؤنڈ کے لیے کامیابی سے کوالیفائی کر لیا۔
میڈل راؤنڈ کے دوران پاکستانی شوٹر نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور مجموعی طور پر 22 پوائنٹس حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی ایشین گیمز میں پاکستان کے مجموعی میڈلز کی تعداد بڑھ کر 6 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ جی ایم بشیر اس سے قبل تین مرتبہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے سال 2022 میں بھی پاکستان کے لیے ورلڈ چیمپئن شپ کا برانز میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا تھا۔ ان کا یہ تجربہ ایک بار پھر قومی ٹیم کے کام آیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








