امریکا کی سب سے بڑی اور اہم ریاستوں میں شمار ہونے والی کیلیفورنیا میں مقیم مسلمانوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں حکومت کی جانب سے دونوں اسلامی تہواروں کو سرکاری طور پر تسلیم کرتے ہوئے تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم (Gavin Newsom) نے اس حوالے سے باضابطہ قانون اے بی 2017 (AB 2017) پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس قانون کی حتمی منظوری کے بعد اب عید الفطر اور عید الاضحیٰ دونوں کو کیلیفورنیا کی سرکاری تعطیلات کی فہرست میں باقاعدہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
امریکی مسلمانوں کے حقوق کے لیے سرگرم معروف تنظیم “کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز” (CAIR) کے کیلیفورنیا چیپٹر نے اس تاریخی قانون سازی کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کیا ہے۔
واضح رہے کہ عیدین کے دنوں کو سرکاری تعطیلات کا درجہ دلانے سے متعلق یہ بل رواں سال مارچ کے آغاز میں اسمبلی ممبر میٹ ہینی (Matt Haney) نے منظوری کے لیے پیش کیا تھا۔ اس موقع پر میٹ ہینی کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیا امریکا کی سب سے بڑی اور متحرک مسلم کمیونٹیز میں سے ایک کا مسکن ہے اس لیے یہاں بسنے والے مسلمانوں کی مذہبی روایات اور تہوار مکمل احترام کے حق دار ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








