قومی شناختی دستاویزات جاری کرنے والے مرکزی ادارے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) عوام کی سہولت کے لیے ایک اور بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ایک اہم سروس کو بالکل مفت کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
کون سی سہولت بالکل مفت؟
نادرا کی جانب سے ملک بھر کے شہریوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اس بات کی سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اب اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا بالکل مفت اپ ڈیٹ کروا سکتے ہیں۔ اس بائیومیٹرک اپ ڈییشن میں ہاتھوں کی انگلیوں کے نشانات، چہرے کی نئی تصویر کے ساتھ ساتھ آئرس (آنکھ کی پتلی) کا اسکین بھی شامل ہے۔
بائیومیٹرک اپ ڈیٹ کرانے کے فوائد
ماہرین کے مطابق بائیومیٹرک ڈیٹا کو بروقت اپ ڈیٹ رکھنے کے کئی بڑے فوائد ہیں:
اس سے شناخت کی چوری (Identity Theft) اور دھوکہ دہی کے خطرات کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے۔
بینکوں میں لین دین، نئی موبائل سمز کے حصول اور پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے حصول کے دوران بائیومیٹرک تصدیق میں آنے والی تمام رکاوٹیں اور پریشانیاں ختم ہو جاتی ہیں۔
کن شہریوں کے لیے یہ اپ ڈییشن ضروری ہے؟
نادرا کی جانب سے تمام پاکستانی شہریوں خصوصاً ایسے بچوں جن کی عمریں 3 سے 18 سال کے درمیان ہیں (اور جن کا تاحال تصویر والا ب فارم نہیں بن سکا) نیز تاحیات میعاد والے قومی شناختی کارڈز کے حامل افراد کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ شہری اپنے قریبی نادرا دفتر، یونین کونسل میں قائم نادرا کاؤنٹر یا اپنے علاقے میں دورے پر آنے والی موبائل رجسٹریشن وین سے رجوع کر کے اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا بالکل مفت اپ ڈیٹ کروا سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








