اگلے 10 ماہ تک پیٹرول کی قیمتیں کم نہیں ہونگی؟ وزیرِ پٹرولیم کا نیا موقف سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت ضرورت پڑنے پر پٹرول سبسڈی اسکیم 10 ماہ تک جاری رکھ سکتی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی صارفین تک منتقل کیا جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے بتایا کہ حکومت پٹرول سبسڈی اسکیم پر ماہانہ 35 سے 40 ارب روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شروع کی گئی اسکیم کے تحت پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر تک ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور اب تک 60 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق ملک میں 25 ملین سے زائد تقریباً 20 سال پرانی موٹر سائیکلیں موجود ہیں، اس لیے ضرورت پڑنے پر بحران کے خاتمے تک سبسڈی جاری رکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے پٹرول پمپ مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صارفین سے اضافی فیس لیے بغیر اسکیم کا فائدہ عوام تک پہنچایا۔

پٹرول کی قیمت 1,000 روپے فی لیٹر تک پہنچنے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ان کے مطابق اگر پٹرول کی قلت پیدا ہوجائے تو قیمتوں کو قابو میں رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے فیصلوں کے باعث ملک میں پٹرول کی قلت پیدا نہیں ہوگی اور حکومت صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔

Related Posts