رشتہ نہ ملا تو لڑکی اسلحے کے زور پر اغوا! چارسدہ پولیس کی کارروائی، مغوی برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں سرڈھیری پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کے زور پر اغوا کی گئی 16 سالہ لڑکی کو ضلع ہنگو سے بحفاظت بازیاب کرلیا جبکہ ایک خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان کے مطابق 10 ستمبر 2026 کو کم عمر لڑکی کے اغوا کی اطلاع ملنے پر مقدمہ درج کرکے فوری تفتیش شروع کی گئی۔ مغویہ کی بازیابی کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے مردان، راولپنڈی، گوجر خان، پشاور، ٹل، دوآبہ اور ہنگو سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔

Image

پولیس کی ایک ٹیم کو تکنیکی امور کی ذمہ داری سونپی گئی جس نے 100 سے زائد موبائل نمبرز کا ڈیٹا اور کال ڈیٹیل ریکارڈ (CDR) حاصل کرکے تجزیہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس مغویہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

Image

ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ دونوں خاندانوں کے درمیان رشتے کے تنازع کا شاخسانہ ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پہلے لڑکی کا رشتہ مانگا اور انکار پر مبینہ طور پر اسے گھر سے اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا۔

پولیس نے کارروائی کے دوران خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کیا جن میں دو مرد شوکت ایاز اور ریاض خانزادہ شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Image

ڈی پی او رفعت اللہ خان نے کہا کہ چارسدہ پولیس شہریوں بالخصوص خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

Related Posts