جعلی دلہن، فرضی ماں اور نقلی رشتہ دار! نوجوانوں کو لوٹنے والا گینگ پولیس کے شکنجے میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی ریاست اتر پردیش میں پولیس نے شادی کے نام پر نوجوانوں کو مبینہ طور پر لوٹنے والے گروہ کے 7 ارکان کو گرفتار کرلیا جن میں دو خواتین اور پانچ مرد شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اعظم گڑھ میں سرگرم گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے غیر شادی شدہ نوجوانوں سے جعلی رشتے طے کرتا، پھر مندر میں شادی کروانے کے بعد دلہن کو نقد رقم اور زیورات دلواتا تھا۔

شادی کے بعد واپسی کے دوران گروہ کے مرد ارکان خود کو دلہن کے رشتہ دار ظاہر کرکے گاڑی روکتے اور مبینہ طور پر دلہن، نقدی اور زیورات چھین کر فرار ہوجاتے تھے۔

پولیس نے ایک شہری کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے تمام 7 مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق ان کے قبضے سے 19 ہزار 650 روپے نقد، سونے اور چاندی کے زیورات، شادی کا سامان اور دو موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔

تحقیقات کے مطابق گروہ کی ایک خاتون دلہن جبکہ دوسری اس کی ماں کا کردار ادا کرتی تھی، جبکہ مرد ارکان شادی کے بعد فرضی رشتہ دار بن کر واردات کرتے تھے۔

Related Posts