چینی عدالت نے بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے مالک کو عمر قید کی سزا سنادی

تازہ ترین

تازہ ترین

چینی عدالت نے چین کی ایک بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے مالک کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے کروڑوں ڈالرز کا جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق چین میں ایک عدالت نے مشہور رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کمپنی چائنا ایور گرینڈ گروپ کے بانی ہوئی کا یان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے انہیں سزائے قید کے ساتھ 1 ارب 31 کروڑ ڈالرز کا جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

خیال رہے کہ ماضی میں ہوئی کا یان کبھی ایشیا کے سب سے امیر افراد میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپریل 2026 میں فنڈز کے غلط استعمال، فنڈ رائزنگ فراڈ، عوام سے غیر قانونی واپسی اور رشوت سمیت آٹھ الزامات میں جرم قبول کر لیا تھا۔

چین کی سب سے بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی رہی چائنا ایور گرینڈ 2023 میں دیوالیہ ہو گئی تھی جس سے چینی معیشت اور مالیاتی مارکٹس کو بھاری دھچکا لگا تھا۔ شینزن کی عدالت نے ہوئی کا یان کی تمام جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ کمپنی کے 5 اعلیٰ عہدیداروں کو بھی 6 سے 18 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ مجموعی طور پر کمپنی سے وابستہ 56 افراد کو سزا سنائی گئی۔ عدالت نے کہا کہ اس کمپنی کے اقدامات سے معیشت کو بھاری مالی نقصان ہوا اور معاشرے پر بھی منفی اثرات پڑے۔

Related Posts