پنجاب کے تاریخی شہر ننکانہ صاحب میں 9 سالہ بچی کو اغوا کے بعد بے رحمی سے قتل کردیا گیا، معصوم بچی کی لاش برآمد کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ننکانہ صاحب کے تھانہ واریرٹن کے نواحی گاؤں عالیاں والا میں پیش آیا جہاں 9 سالہ بچی مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کی گئی۔ بچی کی شناخت رفعت فاطمہ کے نام سے ہوئی جس کی لاش گھر کے قریب ایک گڑھے سے ملی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد نے بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر موقعہ واردات کا جائزہ لیا اور مقتولہ کے ورثاء سے ملاقات بھی کی۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ اور پنجاب فرانزک سائنس ٹیموں نے جائے وقوعہ سے تفتیش کیلئے شواہد اکٹھے کرلیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ 9 سالہ بچی کے اغوا اور قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں اور قانونی کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








