ریاض ایئر نے پاکستان میں فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ایئر نے پاکستان میں اپنے باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ ایئرلائن کی پہلی پرواز جمعے کی شام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس کے ساتھ ریاض اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ریاض ایئر کی پرواز آر ایکس 660 شام 7 بج کر 42 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ اتری، جس میں مجموعی طور پر 69 مسافر موجود تھے۔ طیارے کی آمد پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا اور بعد ازاں مسافروں کو ایئرپورٹ ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔

ریاض ایئر کے پاکستان میں آپریشن کے آغاز پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک خصوصی افتتاحی تقریب کا اہتمام بھی کیا۔ تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، اعلیٰ حکام اور ریاض ایئر کی انتظامیہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ نئی فضائی سروس دونوں ملکوں کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور براہِ راست فضائی رابطے میں اضافے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر زیادہ آسان ہوجائے گا۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے بھی ریاض ایئر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی سروس سے دونوں ممالک کے درمیان مسافروں کی آمدورفت میں سہولت ہوگی اور ہوا بازی کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔

Related Posts