قائم علی شاہ کی بیٹی ڈاکٹر نگہت شاہ کی تقرری، مراد علی شاہ نے وضاحت کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

سندھ کے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی بیٹی ڈاکٹر نگہت شاہ کی ملازمت میں توسیع اور تقرری پر اٹھنے والے سوالات کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وضاحت جاری کردی۔

مراد علی شاہ کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ کی تعیناتی کسی خلاف ضابطہ اقدام کا نتیجہ نہیں بلکہ مقررہ پالیسی فریم ورک اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کی ہدایات کے تحت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ طبی تعلیمی اداروں میں سینئر اور تجربہ کار پروفیسرز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے وضع کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کیا گیا ہے۔ ان کے بقول ڈاکٹر نگہت شاہ کی کنٹریکٹ پر تقرری کے معاملے میں تمام ضروری قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ تقرری میں کسی قانون یا ضابطے کی خلاف ورزی نہیں ہوئی اور فیصلہ متعلقہ پالیسی کے مطابق کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر نگہت شاہ کی ملازمت میں توسیع کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سندھ حکومت نے ان کی ریٹائرمنٹ سے صرف ایک روز قبل مزید 3 سال کے لیے ملازمت میں توسیع کی منظوری دی۔

رپورٹس کے مطابق اس توسیع کے معاملے میں کئی سال کا تجربہ رکھنے والے 5 ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو نظر انداز کیے جانے پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو فیصلے پر فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے اسے وسیع تر عوامی مفاد میں قرار دیا۔

یوں ڈاکٹر نگہت شاہ کی تقرری اور ملازمت میں توسیع کا معاملہ ایک جانب حکومتی وضاحت اور دوسری جانب میرٹ و طریقہ کار سے متعلق اٹھنے والے سوالات کے باعث زیر بحث ہے۔

Related Posts