پاکستان کی ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) نے 2026 انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز (آر اے ایس) ایکسپو کے دوران دو نئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے لوئٹرنگ میونیشنز ڈی-248 اور ایس-369 کی رونمائی کر دی، جنہیں خودکش ڈرون قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو کے دوران متعارف کرائے گئے یہ نظام اب پاکستان کے سب سے بڑے اور طویل ترین آپریشنل رینج رکھنے والے لوئٹرنگ میونیشنز ہیں۔ ایچ آئی ٹی کے مطابق ڈی-248 کی آپریشنل رینج 2,200 سے 3,000 کلومیٹر ہے، جبکہ ایس-369، 1,500 سے 2,000 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ڈی-248 بغیر دم والے ڈیلٹا وِنگ ڈیزائن پر مبنی ہے اور اس کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن (ایم ٹی او ڈبلیو) 240 کلوگرام ہے۔ اس میں 30 سے 50 کلوگرام تک پے لوڈ لے جانے کی صلاحیت موجود ہے،
ڈی 248 کے پروں کا پھیلاؤ 3.3 میٹر ہے، زیادہ سے زیادہ رفتار 225 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ کروزنگ رفتار 185 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ایچ آئی ٹی کا کہنا ہے کہ یہ نظام 12 سے 14 گھنٹے تک فضا میں رہ سکتا ہے اور 4,500 میٹر تک کی بلندی پر آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب ایس-369 میں ایرو-ڈیلٹا وِنگ کنفیگریشن استعمال کی گئی ہے اور اس کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن (ایم ٹی او ڈبلیو) 215 سے 225 کلوگرام ہے۔ اس کے پروں کا پھیلاؤ 4 میٹر، پے لوڈ کی گنجائش 30 سے 50 کلوگرام، زیادہ سے زیادہ رفتار 220 کلومیٹر فی گھنٹہ، جبکہ کروزنگ رفتار 160 سے 180 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ڈی-248 کی طرح ایس-369 بھی 4,500 میٹر تک کی بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








