پنجاب حکومت نے کم آمدن والے اور بے گھر افراد کے لیے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے گھر کی تعمیر، مرمت اور چھت ڈالنے کے لیے 5 سے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب صرف نئے گھروں کی تعمیر ہی نہیں بلکہ خستہ حال مکانات کی مرمت اور نئی چھت کی تعمیر کے لیے بھی بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ، بینک آف پنجاب کے صدر اور ڈی جی پھاٹا نے شرکت کی، جہاں پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران مزید ایک لاکھ خاندانوں کو اس اسکیم سے مستفید کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد کم آمدن والے، بے گھر اور کچے یا خستہ حال مکانات میں رہنے والے مستحق خاندانوں کو باعزت رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام قرضے مکمل طور پر بلاسود، شفاف اور آسان طریقہ کار کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہری 5 سے 10 لاکھ روپے تک کے قرض کے لیے ای پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، جس سے دفاتر کے چکر لگانے اور طویل قطاروں میں انتظار کی ضرورت نہیں رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








