بالی ووڈ فلم ساز امتیاز علی نے اپنی نئی فلم میں واپس آؤنگا کے حوالے سے یہ وضاحت دی ہے کہ یہ کسی ایک شخص کی زندگی پر مبنی براہِ راست کہانی نہیں ہے اور نہ ہی اسے کسی حقیقی واقعے کی مکمل عکاسی کہا جا سکتا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں امتیاز علی نے بتایا کہ اس فلم کا مرکزی خیال کسی مخصوص سچی کہانی سے نہیں لیا گیا۔ اس کی بنیاد 1947 کی تقسیم کے دوران متاثر ہونے والے لوگوں سے ہونے والی گفتگو اور ان کے تجربات سے اخذ کی گئی یادوں پر رکھی گئی ہے جنہیں بعد میں اسکرپٹ کا حصہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کہانی کی تشکیل اس وقت شروع ہوئی جب وہ دہلی اور پنجاب میں شوٹنگ کر رہے تھے۔ اس دوران تقسیم کے عینی شاہدین سے ملاقاتوں نے انہیں اس بات پر مجبور کیا کہ وہ ان لوگوں کے جذبات، تجربات اور دکھوں کو گہرائی سے سمجھیں اور انہیں کہانی میں ڈھالیں۔ ان کے مطابق وہ اکثر ان جگہوں اور لوگوں کی زندگیوں کے پیچھے چھپی کہانیوں کو کھوجنے کی کوشش کرتے ہیں جو بعد میں خود بخود اسکرپٹ کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔
ہدایتکار کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی اپنی ہی سوچوں میں گم رہتے ہیں اور ان کے زیادہ تر خیالات روزمرہ مشاہدات اور اردگرد کے معمولی مگر معنی خیز لمحات سے جنم لیتے ہیں۔ ان کے مطابق اکثر اوقات انہیں خود بھی اندازہ نہیں ہوتا کہ کوئی چھوٹا سا مشاہدہ کب ایک مکمل کہانی میں بدل جاتا ہے۔
امتیاز علی نے یہ بھی کہا کہ کہانیوں کی اصل ابتدا کسی کو بھی پوری طرح معلوم نہیں ہوتی ان کے لیے یہ سلسلہ عموماً لوگوں اور روزمرہ کے چھوٹے تجربات سے شروع ہوتا ہے جو آہستہ آہستہ ذہن میں جگہ بناتے رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب کوئی خیال ان کے ذہن میں جم جاتا ہے تو وہ وقت کے ساتھ بڑھتا رہتا ہے اور پھر وہ اسے ہر اس شخص سے بیان کرنے لگتے ہیں جو سننے کے لیے تیار ہو یہاں تک کہ کبھی راستے میں رکشہ ڈرائیور سے بھی اس کا ذکر کر دیتے ہیں۔
فلم میں واپس آؤنگا میں نصیرالدین شاہ ایک ایسے بزرگ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو تقسیمِ ہند کے وقت بچھڑ جانے والی اپنی محبت کو زندگی بھر بھلا نہیں پاتا۔ عمر کے آخری حصے میں وہ اپنی محبوبہ سے ایک آخری ملاقات کی خواہش کرتا ہے، اور اس دوران اس کا پوتا اس ادھوری محبت کی گمشدہ کہانی کو جوڑنے کی کوشش کرتا ہے۔
فلم میں شروری نصیرالدین شاہ کی جوانی کی محبوبہ کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ ویدانگ رائنا نوجوان نصیرالدین شاہ کے روپ میں نظر آئیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








