وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں اور کاروباری طبقے کے لیے فکس ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق سالانہ 20 کروڑ روپے یا اس سے کم کاروبار کرنے والے دکانداروں پر ہوگا۔
یہ اعلان وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ حکام کے مطابق یہ اسکیم تاجروں اور انجمن تاجران کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس فکس ٹیکس اسکیم کے تحت اہل دکانداروں پر ایک فیصد فکس ٹیکس عائد ہوگا۔ اسکیم ایک اختیاری (Voluntary) بنیاد پر ہوگی، یعنی دکاندار چاہیں تو اس میں شامل ہو سکتے ہیں یا عام ٹیکس نظام میں رہ سکتے ہیں۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ اسکیم کے لیے ایک سادہ ایک صفحے کا فارم تیار کیا گیا ہے جو مختلف زبانوں میں دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ فائلنگ کے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد جمع کرانے کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اسکیم میں شامل دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل (POS) نظام سے استثنیٰ دیا جائے گا، جبکہ فائلر اور نان فائلر دونوں اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ اسکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کی کم از کم ٹیکس ادائیگی گزشتہ سال کے برابر ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ انہیں ایف بی آر کی جانب سے ایک پلیٹ اور QR کوڈ بھی جاری کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسی ٹیکس بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کی ہے تاکہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کیا جا سکے۔ ان کے مطابق اسکیم کو حتمی شکل دینے سے قبل چھوٹے تاجروں سے مشاورت بھی کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد معیشت کو دستاویزی بنانا اور ٹیکس نظام کو آسان اور شفاف بنانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








