وفاقی حکومت آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران جنگ کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ اب پندرہ روز کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر لیا جا رہا ہے، جس کے تحت آج نظرثانی شدہ قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 34 سے 35 روپے فی لیٹر تک بڑا اضافہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت 381.78 روپے جبکہ ڈیزل 380.78 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
وزارت خزانہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
دوسری جانب بلوچستان میں پیٹرول بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں بعض علاقوں میں پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ کوئٹہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث متعدد پٹرول پمپس بند ہو چکے ہیں جبکہ فعال پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








