اسلام آباد: سینیٹ میں بچے کی پیدائش پر ماں اور باپ کے لیے بالترتیب 6 اور 3 ماہ کی چھٹیوں سے متعلق بل منظور کر لیا گیاتاہم حکومت کی جانب سے بل کی مخالفت دیکھنے میں آئی۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر قرۃ العین کی جانب سے بچے کی پیدائش پر ملازمت پیشہ والدین کے لیے تعطیلات کے حوالے سے بل پیش کیا گیا۔
حکومت کی جانب سےبل کی مخالفت کے باوجود ’ بچے کی پیدائش پر والدین کے لیے تعطیلات کا بل 2018 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
بل کے مطابق وفاقی ادارے ملازمت پیشہ ماں کو 6 ماہ تنخواہ کے ساتھ اور 3 ماہ بغیر تنخواہ کے چھٹیاں فراہم کرنےکے پابند ہوں گے،اس کے علاوہ ملازمت پیشہ باپ کو بھی بچے کی پیدائش پر 3 ماہ کی چھٹیاں تنخواہ کے ساتھ اور ایک ماہ بغیر تنخواہ کے تعطیلات دیں گے۔
بل میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی تجویز بھی رکھی گئی ہے،بل پر بحث کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے بل میں کچھ تبدیلیاں کرنے کی تجویز پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات، آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق