اسلام آباد:پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کی آمد کی خوشخبری آج سنائی جائے گی۔ٹیکنالوجی کے کامیاب تجربے کی تفصیلات بتانے کے لیے وفاقی وزیر آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
زونگ پاکستان نے فائیو جی ٹیکنالوجی کا اسپیڈ ٹیسٹ مکمل کر لیا ہے جس کے بعد پاکستان جنوب مشرقی ایشیاء میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔زونگ کمپنی کے نمائندے بھی پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندگان کو تجربے کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: برازیل میں رواں سال کے دوران پچاس کروڑ شہد کی مکھیوں کی پراسرار ہلاکت
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ فائیو جی لائسنسز کا اجراء رواں سال نومبر میں ہوگا۔اب تک چار کروڑ چالیس لاکھ افراد تھری جی اور فور جی کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔ مختلف ٹیلی کام کمپنیاں فائیو جی ٹیکنالوجی میں کام کرنا چاہتی ہیں۔
جدید اور تیز ترین انٹرنیٹ ٹیکنالوجی فائیو جی سے انٹرنیٹ کی موجودہ رفتار کو پچاس گنا تک بڑھایا جاسکتا ہے جس سے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ موبائل صارفین کے لیے بھی نت نئی آسانیاں پیدا ہو ں گی۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ فائیو جی سے انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈنگ، اپ لوڈنگ ، پیغام رسانی اور ویڈیو ز دیکھنا اتنا آسان ہوجائے گا جس کا پہلے تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ اس سے کمپیوٹر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اس سے متعلقہ تمام شعبہ جات میں ایک انقلاب آجائے گا۔
فائیو جی کی مدد سے وقت کی بچت ہوگی۔ ڈاؤن لوڈنگ میں گھنٹوں مصروف رہنے والے صارفین منٹوں اور سیکنڈوں میں ضروری فائلیں ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے جس سے ان کی زندگی آسان ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب میں فائیو جی سروس کا آغاز ہوچکا ہے۔ سعودی عرب نے مکہ اور دیگر مقدس شہروں میں ففتھ جنریشن نیٹ ورک (فائیو جی) سروس کا آغاز کردیا ہے تاکہ رواں سال حج کرنے والے انٹرنیٹ سے فائدہ اٹھا سکیں۔چیئرمین مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل نے وزیر ابلاغ و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواہا کے ہمراہ فائیو جی سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
مزیدپڑھیں: روس نے انسان نما روبوٹ کو راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیج دیا