ملتان سلطانز کے کھلاڑی یاسر خان نے بہترین بلے بازی کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلوائی بلکہ ایک بڑے اسکور کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطان کے کھلاڑی یاسر خان نے کہا کہ بہت محنت کرکے یہاں تک پہنچا ہوں، ایک موقع کا انتظار کررہا تھا کو آج مل گیا۔
یاسر کی جارحانہ بلے بازی نے نہ صرف حریف بولروں کا بھرکس نکالا بلکہ اپنے آپ کو قومی ٹیم کے لیے ایک چمکتا ستارہ بھی ثابت کیا۔
یاسر خان کا کہنا تھا کہ ہمارے کپتان ہر کھلاڑی کو مثبت طور پر سمجھاتے ہیں، بیٹنگ میں بھی ہر گیند پر رضوان نے کافی مدد کی اور سمجھایا۔
یاسر خان کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند اندر آتی ہے اس لیے پلاننگ کر کے آیا تھا کہ اچھا پرفارم کروں گا۔
یاد رہے کہ یاسر خان 13 اپریل 2002 کو خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں پیدا ہوئے۔ 23 سالہ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے اپنے کیریئر کی شروعات علاقائی ٹیموں سے کی۔
یاسر خان نے 2022 میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا جب انہوں نے کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف میدان سنبھالا۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان کو ایک ایسا اوپنر مل گیا ہے جو نئی گیند کو صرف سنبھال ہی نہیں سکتا بلکہ اس پر حملہ بھی کرسکتا ہے۔
یاسر خان کی حالیہ کارکردگی نے قومی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرلی ہے، وہ بہت جلد گرین شرٹ میں بھی ایک نمایاں کردار ادا کرتے دکھائی دے سکتے ہیں۔