ممبئی: قیامت سے قیامت تک اور جو جیتا وہی سکندر جیسی یادگار فلمیں بنانے والے بالی ووڈ کے معروف فلم ساز منصور خان نے حال ہی میں اپنی فلم جوش کے کاسٹنگ مرحلے کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
فلم میں شاہ رخ خان نے “میکس” کا کردار ادا کیا تھا جس میں ان کی جڑواں بہن “شرلی” اپنے بھائی کے دشمن سے محبت کر بیٹھتی ہے۔ اگرچہ یہ کردار ایشوریا رائے کو دیا گیا لیکن یہ ان کی پہلی ترجیح نہیں تھیں۔
منصور خان نے بتایا کہ یہ کردار سب سے پہلے کاجول کو پیش کیا گیا تھا لیکن انہوں نے فوراً انکار کر دیا۔ وجہ؟ اس وقت کاجول اور شاہ رخ خان بالی ووڈ کی سب سے مقبول آن اسکرین جوڑی سمجھے جاتے تھے۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے، بازیگر، کرن ارجن اور کچھ کچھ ہوتا ہے جیسی فلموں میں دونوں نے رومانوی کردار ادا کیے تھے۔ ایسے میں کاجول کو شاہ رخ خان کی بہن کے روپ میں دیکھنا ناظرین کے لیے حیران کن ہوتا۔
منصور خان نے واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے کاجول کو فلم کی کہانی سنائی کیونکہ میں چاہتا تھا کہ وہ شرلی کا کردار نبھائیں۔ کہانی سننے کے بعد وہ اٹھ کر جانے لگیں۔ میں نے پوچھا، کیا آپ یہ فلم کریں گی؟ تو انہوں نے کہا ’نہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ تب مجھے احساس ہوا کہ شاید کوئی بھی لڑکی میکس کی بہن کا کردار نہیں کرنا چاہے گی لیکن شکر ہے کہ ایشوریا رائے نے رضامندی ظاہر کی۔ وہ مکمل طور پر پیشہ ور تھیں۔ میرے خیال میں جوش ان کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔
منصور خان کے مطابق اگرچہ فلم میں مرکزی کردار میکس کا تھالیکن میکس اور شرلی دونوں کردار یکساں اہمیت رکھتے تھے کہ “میرے ذہن میں دونوں کردار برابر تھے۔
میں میکس کے لیے شاہ رخ کو لے سکتا تھا اور بہن کے لیے کسی نئی اداکارہ کو بھی لیکن میرے لیے دونوں کا وزن اسکرپٹ میں ایک جیسا تھا۔
واضح رہے کہ فلم جوش اس وقت مختلف او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے اور شائقین اسے دوبارہ دیکھ سکتے ہیں۔