کرپشن کیخلاف پاکستان کی قرارداد منظور

مقبول خبریں

کالمز

zia
امریکا کا "یومِ قیامت طیارہ" حرکت میں آگیا۔ دنیا پر خوف طاری
Firestorm in the Middle East: Global Stakes on Exploding Frontlines
مشرق وسطیٰ میں آگ و خون کا کھیل: عالمی امن کیلئے خطرہ
zia-2
آٹا 5560 روپے کا ایک کلو!

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اقوام متحدہ کے کنونشن کانفرنس آف دی اسٹیٹ پارٹیز کے اجلاس میں دنیابھر میں بدعنوانی کی روک تھام اور اس مسئلے سے نمٹنے میں پارلیمنٹ کے کردار کو مستحکم کرنے سے متعلق پاکستان کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی یہ قرار داد سی او ایس پی کے 8ویں اجلاس میں پیش کی گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد میں زور دیا گیا کہ تمام اراکین اپنے ملک میں پارلیمانی اداروں کو مستحکم بنائیں اور بدعنوانی کیخلاف مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کے ساتھ پارلیمانی اداروں کے مابین تبادلوں کو بڑھانے کے لیے اچھے طریقے اپنائیں جبکہ یو این او ڈی سی کوبدعنوانی کے خلاف جنگ میں پارلیمانی کردارکو مضبوط بنانے کے لیے انٹرا پارلیمنٹری یونین کے اشتراک سے ایک موضوعاتی مکالمہ کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

کرپشن بنیادی ایک ایسی بیماری ہے جو کئی دوسری بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ پاکستان کی حکومتیں کرپشن کے خاتمے میں ناکام رہی ہیں۔پاکستانی معاشرے میں ایسے احساسات پروان چڑھا دیے گئے ہیں جن کی وجہ سے کرپشن کے بارے میں معاشرے میں قبولیت کے جذبات پیدا ہو چکے ہیں تاہم اب پاکستان میں اداروں کو عدم استحکام کاشکار، کرپشن، بد دیانتی اورقومی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

پی ٹی آئی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے مگر حیران کن بات یہ ہے کہ موجودہ دورہ حکومت میں پہلے ایک سال کے دوران کرپشن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن میں کمی کے بجائے اضافہ ہواہے۔

اقوام متحدہ کے کنونشن میں پیش کردہ قرارداد پر اتفاق رائے کیلئے پاکستان نے مشاورت کے عمل کو آگے بڑھایا جبکہ آزربائیجان‘ برازیل‘ کینیڈا‘ چین‘ انڈونیشیا‘ مراکش‘ نائیجیریا‘ پیرو‘ فلپائن‘ روس‘ سنگاپور اور سوئٹزرلینڈ سمیت جغرافیائی خطوں کے ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک نے قرارداد کی منظوری کیلئے تعاون کیا۔

عالمی فورم پر یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے کہ اس قرارداد کی بنیاد پر کرپشن کو بھی انسانی معاشرے کیلئے دہشت گردی جیسے گھنائونے جرم کے ناطے زہر قاتل تسلیم کیا گیا ہے تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان میں بننے والے بڑے بڑے منصوبے میگا کرپشن اسکینڈلز کا روپ دھارتے جا رہے ہیں۔ پاکستان کو کرپشن کے خاتمے کے لیے انفرادی اور ادارہ جاتی سطحوں پر بڑی طویل اور موثر جدوجہد کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے پاکستان کے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

Related Posts