مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا جبر و ستم آج بھی جاری، کرفیو کا 145واں روز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا جبر و ستم آج بھی جاری، کرفیو کا 145واں روز
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا جبر و ستم آج بھی جاری، کرفیو کا 145واں روز

مقبوضہ جموں و کشمیر میں غاصب بھارت کا جبر و ستم آج بھی جاری ہے، تاریخِ انسانی کا بد ترین کرفیو آج 145ویں روز میں داخل ہوگیا۔

مظلوم کشمیریوں پر نافذ کرفیو  کے دوران آمدورفت، ذرائع نقل و حمل اور دیگر پابندیوں کے باعث مقبوضہ وادی میں رہنے والوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی۔ 

موسمی حالات بھی کشمیریوں کے حق میں نہیں، مظلوم عوام کو وادی میں جاری سخت سردی اور برف باری کا سامنا ہے جس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال مزید تشویشناک ہوچکی ہے۔   

جموں و کشمیر میں نظامِ زندگی مفلوج ہے اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا ظلم و ستم  بھی جاری ہے جبکہ  غیر انسانی کرفیو کے خلاف عالمی برادری بدستور خاموش ہے، مظلوم کشمیریوں کے حق میں کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ 

نریندر مودی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 اے کے خاتمے کے بعد کشمیر کی آئینی حیثیت 5 اگست کو ہی تبدیل کردی گئی تھی ، تاہم بھارتی قوانین کا باقاعدہ نفاذ 31 اکتوبر کو عمل میں لایا گیا۔

وادی میں کھانے پینے کی اشیاء، اشیائے ضروریہ اور خوراک کی شدید قلت ہے جبکہ نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر پکڑ دھکڑ، تشدد اور قتل و غارت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بد ترین کرفیو کے باعث کشمیریوں کو آمدورفت، باہمی رابطوں، کاروبار اور تعلیم کی بندش کا سامنا ہے۔ روزگار منقطع ہونے کے باعث ضروریاتِ زندگی کے لیے معاشی مسائل شدت اختیار کرچکے ہیں۔ 

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق  بھارت کی طرف سے   انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائل فون سروسز کی معطلی کے باعث لوگوں خاص طور پر پیشہ ور افراد،طلباء، صحافیوں، ڈاکٹروں اور تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ترجمان پاک فوج و ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی مودی حکومت مظلوموں کی آواز دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پردو روز قبل  اپنے پیغام میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی توانا آواز دبانے کی جو بھی کوششیں کیں، ناکامی ان کا مقدر بنی۔

مزید پڑھیں:  بھارت مظلوموں کی آواز دبانے میں ناکام ہوگیا۔آئی ایس پی آر

Related Posts