کراچی:وزیر اعلی سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ساحلی ترقی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹوکو نیب کی جانب سے ملنے والے نوٹس تحفظات ہیں کیونکہ 27 دسمبرمحترمہ بے نظیربھٹوکی شہادت کا دن ہے،احتجاج کرنا ہر فرد اور سیاسی جماعت کا بنیادی حق ہے مگر عدالتی معاملات کو عدالت میں ہی حل ہونا چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے،ہمارے خطہ کی تاریخ سے وابستہ ادارے بالخصوص تعلیمی ادارے ہمارا اجتماعی فخر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکوقائد اعظم کی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں قائدِ اعظم کی سالگرہ کی تین روزہ تقریب کے پہلے دن بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی ذاتی زندگی کی قربانی دے کر برصغیر کے مسلمانوں کی لیئے علیحدہ وطن حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم ایک وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی مدبر بھی تھے ۔
انہوں نے مسلمانوں کی علیحدہ ریاست کے خواب کو سچ کر دکھایا اور اسی تسلسل میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو 73کے آئین کا تحفہ دیا جس میں بتایا گیا کہ ملک میں رہنے والے ہر شخص کے جمہوری، معاشی اور انسانی حقوق یکساں ہیں اس آئین میں بنیادی انسانی حقوق کو شامل کیا گیا جس کے تحت قانون کی حکمرانی ہوگی اور پاکستان ایک حسین خواب کی تعبیر ہوگا۔
مزید پڑھیں:احسن اقبال کو پیغام دیے جاتے رہے کہ آپ پیچھے ہٹ جائیں اورچپ رہیں، مریم اورنگزیب