ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے لائن آف کنٹرول پر محاذ آرائی کے خلاف بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی محاذ آرائی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیں گی، دشمن خبردار رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب محاذ آرائی کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں اور بھارتی آرمی چیف اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات اور محاذ آرائی متنازعہ شہریت بل کے خلاف وسیع بنیادوں پر پورے ملک میں احتجاج سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔
Provocative statements and preparations for escalation along LOC by Indian COAS appear to be an effort as usual to divert world attention from wide spread protests in India against CAB. Pakistan Armed Forces shall befittingly respond to any Indian misadventure or aggression.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 19, 2019
میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف اور ایل او سی پر بھارتی فوج کی تیاریوں پر بھارت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت اور اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور خود بھارت میں ہندوتوا کے خلاف جو طوفان اٹھ کھڑا ہوا ہے، اسے روکا نہیں جاسکتا۔
ٹوئٹر پر چار روز قبل اپنے پیغام میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پورے بھارت میں ہندوتوا کے خلاف احتجاج جاری ہے جسے سطحی ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے نے بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کرتے ہوئے ایک ٹویٹ شیئر کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹس نے اپنا مذہب راتوں رات اس لیے تبدیل کیا تاکہ متنازعہ شہریت بل کی حمایت کی جاسکے۔
مزید پڑھیں: کشمیر اور بھارت میں اٹھنے والا طوفان روکا نہیں جاسکتا۔میجر جنرل آصف غفور