اسلام آباد: پولیو ایمر جنسی سنٹر کو آر ڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے کہاہے کہ 2018ء میں پولیو کے 12کیس رپورٹ ہوئے ،2019ء میں ایک سو چار کیس رپورٹ ہو چکے ہیں ،2023 میں پاکستان پولیو سے پاک ہو جائیگا۔
سرحدوں پر آمدورفت کے باعث وائرس پاکستان میں داخل ہو رہا ہے،چالیس ملین بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف ہے۔ بدھ کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر ،پولیو ایمرجنسی سنٹر کے کوارڈینٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے کہاکہ سب نے مل کے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے کام کیا تو پولیو کو کنٹرول کرنے میں مدد ملی تھی۔ انہوں نے کہاکہ 2018ء میں بارہ پولیو کیس رپورٹ ہوئے لیکن افسوس کے ساتھ 2019 میں ایک سو چار کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اور صدر پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف اور صوبائی وزراء سب ہمارے ساتھ اس مہم میں شریک ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے پولیو کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پولیو مہم کو سیاست سے پاک کرنا ہے،یہ ہم بحیثیت پاکستانی سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیوریج میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ،ملک گیر پولیو مہم کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔
مزید پڑھیں:لوئر دیر: پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکار موقعے پر جاں بحق