اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تعیناتی کا معاملہ حل کرنے کے لیے حکومت کو مزید 10 دن کی مہلت دے دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے لیگی رہنمائوں محسن شاہ نواز رانجھا، مرتضیٰ جاوید عباسی اور جہانگیر جدون کی درخواستوں پر سماعت کی۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے دورانِ سماعت سیکرٹری قومی اسمبلی کو مخاطب کر کے ریمارکس دئیے کہ شاید پارلیمنٹ انتہائی موزوں شخص ڈھونڈ رہی ہے اس لیے وقت لگ رہا ہے، عدالت کو اعتماد ہے کہ اس مسئلے کا حل نکال لیں گے۔
وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ پیش ہوئے جبکہ سیکریٹری قومی اسمبلی نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن میں سندھ اور بلوچستان کے ارکان کی تعیناتی کا معاملہ حل کرنے کے لیے مزید 10 دنوں کی مہلت دی جائے۔
جس پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیے کہ اس مسئلے کے حل کیلئے قائد ایوان اور قائدِ حزبِ اختلاف کو لیڈنگ کردار ادا کرنا چاہیے، یہ ایشو پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہیے، تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ پارلیمنٹ بالادست ہے۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن تعیناتیاں: وزیر خارجہ شاہ محمود کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات