لاہور کی سیشن عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خلاف صوبائی دارالحکومت میں پاسنگ آؤٹ تقریب میں پولیس کی وردی پہننے پر ایف آئی آر درج نہ کرنے کی شکایت پر پولیس ٰ حکام سے جواب طلب کرلیا۔
ایڈیشنل سیشن جج مظفر نواز ملک نے درخواست کی سماعت کی۔
آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق کسی فرد کو ریاستی اداروں کی وردی پہننے کی اجازت نہیں ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے مریم نواز کے خلاف وردی پہننے پر کارروائی کی درخواست کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ مریم نواز کے خلاف پولیس کی وردی پہننے پر مقدمہ شروع کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
عدالت نے درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے 29 اپریل تک پولیس حکام سے جواب طلب کرلیا ہے۔