اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کو آزادی فلسطین کی منظم تحریک حماس کی جانب سے کیے جانے والے تاریخی حملے کا ماسٹر مائنڈ حماس رہنما یحیٰ السِنوار کو قرار دیا ہے۔
19 اکتوبر 1962 کو خان یونس کے ایک کیمپ میں آنکھ کھولنے والے یحیٰ ابراہیم حسن السنوار نے ابتدائی تعلیم خان یونس کے اسکول میں ہی حاصل کی اور پھر غزہ کی اسلامک یونیورسٹی سے عربی میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی، انہوں نے 5 سال تک یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل میں خدمات انجام دیں اور پھر کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین بھی رہے۔
جگر میں قابض فوج کی گولی، اسرائیلی جیل میں جوان ہونے والی نورھان عواد کون ہیں؟
اسرائیلی قید سے رہائی
یحیٰ السنوار کی شادی میں تاخیر کی بڑی وجہ ان کی مسلح جدوجہد اور طویل گرفتاری رہی اور پھر 2011 میں حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلی فوجی گیلاد شالیت کی رہائی کی ڈیل کے تحت اسرائیلی جیل سے رہائی پانے کے بعد غزہ کی ایک مسجد میں ان کے نکاح کی تقریب منعقد ہوئی اور پھر یحیٰ کا شمار حماس کے سرکردہ رہنماؤں میں ہونے لگا۔
یحیٰ النسوار کو حماس کے سیاسی و عسکری ونگ کی لیڈرشپ کے درمیان روابط قائم رکھنے کا ٹاسک دیا گیا اور پھر 2014 میں اسرائیلی جارحیت کے اختتام پر انہوں نے حماس کے فیلڈ کمانڈرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے تحقیقات کروائیں جس کے نتیجے میں حماس کے کئی بڑے رہنماؤں کو عہدوں سے بھی ہٹایا گیا۔
ستمبر 2015 میں امریکا نے القسام بریگیڈ کے کمانڈر انچیف محمد الضیف اور سیاسی ونگ کے رہنما راہی مشتہا سمیت یحیٰ السنوار کا نام بین الاقوامی دہشتگردوں کی بلیک لسٹ میں شامل کر دیا۔
حماس کا پالیسی میکر
13 فروری 2017 کو یحیٰ النسوار اسماعیل ہنیہ کی جگہ غزہ میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ منتخب ہوئے اور انہوں نے خلیل الحیا کو اپنا نائب مقرر کیا اور پھر یحیٰ النسوار کو پارٹی انتخابات کے ذریعے غزہ میں حماس کا سربراہ مقرر کر دیا گیا اور اسماعیل ہنیہ کو خالد مشعل کا جانشین بنا دیا گیا۔
برطانوی اخبار دی گارجین کی 2017 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یحیٰ السنوار کے حماس میں آنے سے حماس کے سیاسی اور عسکری ونگ میں اندرونی رسہ کشی ختم ہوگئی اور حماس کی پالیسی کو غزہ کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے دوبارہ سے وضع کیا گیا اور یحیٰ السنوار کا انتخاب واضح اشارہ ہے کہ گزشتہ لیڈر شپ کی نسبت حماس کی موجودہ لیڈر شپ کی سیاسی و عسکری سرگرمیوں کا مرکز و محور غزہ ہو گا۔
مئی 2018 میں یحیٰ النسوار نے الجزیرہ ٹی وی پر غیر متوقع اعلان کر دیا کہ حماس پرامن عوامی مزاحمت کی پالیسی اپنائے گی جس کا مقصد ممکنہ طور پر حماس پر بہت سے ممالک کی جانب سے لگا دہشتگرد تنظیم کا ٹیگ اتارنا اور اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کیلئے کردار ادا کرنا تھا، اس اعلان سے ایک ہفتہ قبل یحیٰ النسوار نے غزہ کے شہریوں سے کہا تھا کہ اسرائیلی زنجیریں توڑ دیں، ہم دب کر مرنے سے شہید ہونے کو ترجیح دیں گے، ہم مرنے کے لیے تیار ہیں اور ہزاروں لوگ ہمارے ساتھ مریں گے۔
غزہ کا حکمران
مارچ 2021 میں یحیٰ النسوار دوسری مدت کے لیے غزہ میں حماس کے سربراہ منتخب ہوئے اور انہیں غزہ کا ڈی فیکٹو حکمران تصور کیا جانے لگا اور انہیں حماس میں اسماعیل ہنیہ کے بعد دوسرا طاقتور ترین شخص مانا جانے لگا۔
مئی 2021 میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے خان یونس میں یحیٰ السنوار کے گھر پر بمباری کی گئی، تاہم اس حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور پھر حملے کے اگلے ہفتے یحیٰ النسوارکئی بار عوام میں دیکھے گئے اور 27 مئی 2021 کو انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اسرائیلی وزیر دفاع کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے قدموں پر چل کر اپنے گھر جاؤں گا، تمھارے پاس مجھے قتل کرنے کے لیے 60 منٹ ہیں اور پھر وہ اگلے گھنٹے غزہ کی گلیوں میں گھومتے رہے اور سلیفیاں لیتے رہے۔
غزہ میں جاری حالیہ جنگ کے ابتدائی تین ہفتوں کے بعد یحیٰ السنوار نے اسرائیل کو پیشکش کی تھی کہ یرغمال بنائے گئے تمام اسرائیلیوں کے بدلے قید بنائے گئے تمام فلسطینیوں کو رہا کر دیا جائے لیکن اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے حماس کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے زمینی کارروائی کا فیصلہ کیا جس کا نقصان انہیں مزید اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور فوجی گاڑیوں کی تباہی کی صورت میں برداشت کرنا پڑا۔
“یہ دھماکا اپنی بیٹی کے نام کرتا ہوں‘‘ اسرائیلی فوجی افسر کی شرمناک ویڈیو سامنے آگئی
اسرائیل کی ناکامی
اسرائیلی فورسز کا خیال ہے کہ یحیٰ ابراہیم حسن السنوار خان یونس میں کسی سرنگ میں چھپے ہوئے ہیں، تاہم اسرائیلی فورسز جدید ترین آلات، فوجی اور مخبروں کی موجودگی کے باوجود حماس رہنما کا پتہ لگانے سے اب تک قاصر ہے۔
اسرائیل اور حماس کی موجودہ جنگ کے دوران بھی یحیٰ النسوار کا برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے پوری دنیا سے درخواست کی کہ ہم لڑائی نہیں چاہتے، امن چاہتے ہیں اور ہم سیز فائر چاہتے ہیں۔