واشنگٹن: امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے کہا ہے کہ امریکا مقبوضہ کشمیر کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان اور بھارت کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے۔
مورگن اورٹیگس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو لائن آف کنٹرول پر امن و استحکام برقرار رکھنا ہوگا اور بھارت پر لازم ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلے جانے کے بعد ساری صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔بھارت اس اقدام کو اپنا اندرونی معاملہ کہتا ہے جبکہ امریکا کو مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں اور رہنماؤں کی نظر بندی پر تشویش ہے۔
واضح رہے کہ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز بھی پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچی ہیں اور پاکستانی حکام سے ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات سمیت خطے کے اہم امور پر بات چیت کریں گی۔