اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو ملکی معیشت سے متعلق مزید اچھی خبریں ملیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں معاشی صورتحال، مختلف منصوبوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،مشیر خرانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کابینہ کو ملکی معاشی صورتحال خصوصاً معاشی اعشاریوں میں بہتری اور معیشت کی مجموعی صورتحال کی بہتری کے ضمن میں عالمی اداروں کے اعتراف کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنگین مسائل کی شکار ملکی معیشت میں آج حکومتی کوششوں کی بدولت استحکام پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار بڑے عالمی اداروں جن میں ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک، آئی ایم ایف اور موڈیز شامل ہیں، نے پاکستانی معیشت میں بہتری کا واضح اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اعشاریوں میں بہتری سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
مشیر خزانہ نے بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی واضح بہتری سامنے آئی ہے، انہوں نے کہا کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ میں پچھلے سال کے مقابلے میں 286 فیصد بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ آٹھ ماہ بعد 40ہزار کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں برآمدات کے حجم میں اضافہ ہوا ہے وہاں ڈالرکے اعتبار سے بھی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات میں تقریبا دس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے اقتصادی اعشاریوں اور خصوصاً عالمی اداروں کی جانب سے ملکی معیشت میں بہتری کے اعتراف پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاوشوں کی بدولت ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کو مزید مستحکم کرنا اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ 300یونٹس تک استعمال کرنیوالے صارفین جو کہ گھریلوصارفین کی کل تعداد کا 75فیصد ہے ان پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہ پڑے اس ضمن میں حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ بجلی کے نرخوں اور ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہونے والے اضافے سے ایسے صارفین متاثر نہ ہوں۔
معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کابینہ کو بتایا کہ سردیوں میں گیس کی بچت کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے استعمال کی شرح کے حوالے سے مختلف قیمتوں کے اطلاق کے ضمن میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کم سلیب کی حد تک استعمال کی جانے والی گیس کی قیمت اسی شرح سے وصول کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم کا اردن آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت