لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان 5 مقدمات کی پیروی اور ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کیلئے زمان پارک سے روانہ ہوئے۔ پی ٹی آئی کارکنان بھی سابق وزیر اعظم کے ہمراہ اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے۔
عمران خان سمیت 17 پی ٹی آئی رہنما سی ٹی ڈی اسلام آباد طلب
عمران خان جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے الزامات پر مبنی مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ گولڑہ، تھانہ رمنا اور تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمات درج ہیں۔
قبل ازیں آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی ہوگی۔ اس دوران سکیورٹی کی نگرانی کیلئے سیف سٹی کوارٹر میں کنٹرول روم قائم ہے۔ اسلام آباد میں دفعہ 144نافذ کردی گئی۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں گے۔ متعلقہ افراد ہی عدالتی احاطے میں داخل ہوسکیں گے۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پیشی اعلانیہ ہو تو کارکنان کو ساتھ آنے سے نہیں روکا جاسکتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے آئی جی کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس کا اجلاس ہوا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاریاں ہوں گی۔