ترجمان متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کہا ہے کہ وزیر زراعت سندھ کا اہلیانِ کراچی کو ٹڈی دل پکا کر کھانے کا مشورہ انتہائی مضحکہ خیز ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا کہ صوبائی وزیر نے روشنیوں کے شہر کراچی کے باسیوں کو ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی کھانے کا کہا جبکہ اندرونِ سندھ کے معصوم شہری پہلے ہی ٹڈی دل کھا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مارچ کے ’پلان بی‘ پر عمل درآمد کیلئے جے یو آئی (ف) کا اجلاس بے نتیجہ ختم
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں اندرونِ سندھ کے ساتھ ساتھ کراچی کے شہریوں کو بھی ٹڈی دل کھانے کا مشورہ دیا جارہا ہے، کیا پی پی پی حکومت نے پہلے شہر قائد کے ساتھ کم ظلم کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شہری سندھ کو تاریکی میں دھکیل دیا ہے اور اگر محکمہ زراعت اپنی کارکردگی پر نظر ڈالتا تو ایسا مشورہ دینے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ اگر اندرونِ سندھ میں ہی ٹڈی دل کے حملے کو روک لیا جاتا تو کراچی متاثر نہیں ہوسکتا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹڈی دل نے اچانک کراچی کے مختلف علاقوں میں حملہ کردیا۔ بہادر آباد کے علاقے میں قائم اسکول پر ٹڈی دل کے حملے سے بچے خوفزدہ ہوگئے، جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں بھی ٹڈی دل کی یلغار کے باعث کھیل روکنا پڑا۔
صوبائی وزیرزراعت نے گزشتہ روز شہریوں کو مشورہ دیا کہ کراچی والے پریشان نہ ہوں، بلکہ اسے پکا کر کھائیں۔ سندھ حکومت اقدامات کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی والے پریشان نہ ہوں، ٹڈی کو پکا کر کھائیں، صوبائی وزیرزراعت