اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاشی ٹیم نے کہاہے کہ حکومت کے مؤثر اقدامات سے ملک کی معیشت کو سہارا ملا، ورلڈ بینک کے صدر اور آئی ایم ایف نے معاشی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے دوسری قسط کی سفارش کر دی ہے، برآمد کنندگان کو 200 ارب روپیہ قرضہ آسان قسطوں پر دیا جائے گا۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ ،وزیر اقتصادی امور حماد اظہر ، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان و معاشی ٹیم کے دیگر ارکان نےپریس کانفرنس کی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کے آغاز پر بتایاکہ وزیراعظم اور معاشی ٹیم نے معیشت کو درست سمت دی۔ انہوں نے کہاکہ اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے ملک کا خزانہ بھرا ہے۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں مالیاتی خسارے اور تجارتی خسارے میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ پانچ سال کے بعد برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیمنٹ کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے،ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے، ایکسچینج ریٹ میں استحکام ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے،تاجروں کے ساتھ معاملہ مذاکرات سے حل ہوا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کی تعریف کی،آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان نے تمام وعدے پورے کیے،اس عرصے میں 2 ارب 10 کروڑ ڈالر کا قرض واپس کیا۔
مزید پڑھیں: تعمیرات سیکٹر کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان