اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن منی بجٹ کے محاذ پر آمنے سامنے آگئے، اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس میں فنانس بل سمیت مختلف امور زیر غور آئیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں منی بجٹ کی منظوری اور اپوزیشن کے اراکین سے نمٹنے پر لائحۂ عمل تشکیل دیا جائے گا۔
تمام اراکینِ قومی اسمبلی کو آج دوپہر 2 بجے قومی اسمبلی پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ اراکین کو وزرائے اعلیٰ پنجاب و خیبر پختونخوا عشائیہ دیں گے جس کے دوران سیاسی امور پر گفت و شنید متوقع ہے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج طلب
دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں بھی روایتی محاذ آرائی کیلئے تیار ہیں۔ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں نے پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے تیاری مکمل کرلی۔ منی بجٹ کے خلاف بھرپور احتجاج ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر منی بجٹ کے خلاف متحدہ اپوزیشن مظاہرے کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔ حکومت کے خلاف بھرپور نعرے بازی ہوگی۔