امیروں کی قوتِ خرید میں بہتری، ملک بھر میں گاڑیوں کی فروخت میں 40 فیصد اضافہ

تازہ ترین

تازہ ترین

کار
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان میں آٹو موبائل صنعت تیزی سے بحالی کی جانب بڑھ رہی ہے، جہاں گزشتہ مالی سال کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی تازہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 55 ہزار گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد زیادہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صرف جون کے مہینے میں کاروں کی فروخت مئی کے مقابلے میں 13 فیصد بڑھ کر 15 ہزار 378 یونٹس تک پہنچ گئی، جو مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کمرشل گاڑیوں کی فروخت میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ گزشتہ مالی سال کے دوران ٹرکوں اور بسوں کی فروخت 67 فیصد اضافے کے بعد 7 ہزار 440 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ جیپ اور پک اپ گاڑیوں کی فروخت 41 فیصد بڑھ کر 50 ہزار 814 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں بھی 30 فیصد اضافہ ہوا، اور مجموعی طور پر 19 لاکھ 72 ہزار 77 موٹر سائیکلیں اور رکشے فروخت کیے گئے۔

ماہرین کے مطابق عوام کی بہتر قوتِ خرید، آٹو فنانسنگ کی سہولتوں میں بہتری اور نئے ماڈلز کی مارکیٹ میں آمد نے گاڑیوں کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے باعث کمرشل گاڑیوں، خصوصاً ٹرکوں اور بسوں، کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

Related Posts